• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی حکمرانوں سے بیزاری سیاسی بیداری میں تبدیل ہوجائے گی، الطاف شاہد

لندن (پ ر ) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ کوئی طبقہ حکمرانوں کی اہلیت پر اظہار اطمینان نہیں کر رہا، عوام کی حکمرانوں سے بیزاری عنقریب سیاسی بیداری میں تبدیل ہو جائے گی۔ حکمران کورونا وبا سمیت کسی مافیا کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ حکمران کورونا کے تناظر میں مسلسل اپنے فیصلے اور منصوبے تبدیل کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کی نااہلی سے شہریوں کی دشواریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ حکومت کو کورونا وبا کی آمد کے کئی ماہ بعد ماسک کا خیال آیا۔ تاریخ اس عہد کے نااہل حکمرانوں سے کورونا وبا کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی اموات کا حساب ضرور لے گی۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمران اپوزیشن قائدین کو اپنے انتقام کا نشانہ بنانے کی بجائے اپنی توپوں کا رخ فوری طور پر کورونا وائرس کی طرف موڑ دیں۔ حکمرانوں نے کورونا وبا سے متاثرہ شہریوں پر صرف ہونے والی رقم کے بارے میں جو اعداد و شمار بتائے ہیں وہ قابل اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے صوبوں تک ارباب اقتدار نے کورونا وبا کیخلاف اقدامات کی آڑ میں کرپشن کا بازار گرم کر دیا۔ حکمران یاد رکھیں وہ مقروض پاکستان کا پیسہ ہضم نہیں کرسکتے، ان کا یوم حساب زیادہ دور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے اناڑیوں نے تجربات کرتے ہوئے قومی معیشت کا پوسٹ مارٹم کر دیا۔ وفاقی اور صوبائی وزراء کے قلمدان بار بار تبدیل ہونے کے باوجود ریاستی نظام تبدیل اور نہ عوام کا معیار زندگی بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان کو کپتان کے چنگل سے چھڑانے کیلئے دہائیاں دے رہے ہیں۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال اور مرکزی صدر انیس احمد قائم خانی عوام دشمن حکمرانوں کی سمت درست کرنے کیلئے آئندہ بھی ان کی لگام کھینچتے اور باز پرس کرتے رہیں گے۔
تازہ ترین