• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹریکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں کے ایم سی کنٹریکٹرز کا بھرپور کردار ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مالی بحران کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود کنٹریکٹرز کے تعاون کے ساتھ کراچی کی ترقی کا عمل جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، پانی و سیوریج کی لائنوں کی تبدیلی، پارکوں کی تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز کے ایم سی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنز کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر نعیم کاظمی، عبدالرحمان، راؤ سعید، حاجی سراج مندوخیل، راحیل شہزاد، سعید مغل، اشفاق شیروانی، سعید خان، طاہر بابر،جمال احمد، بلال خان، چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے،میئر کراچی نے کہا کہ ڈی جی ٹیکنیکل سروسز، چیف انجینئر کورنگی، وسطیٰ، ملیر اور ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کی جانب سے طلب کردہ 65 ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کا جائزہ لیا جائے گا اور ازسرنو ان کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر یہ تمام ٹینڈرز فی الحال روک دیئے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے بقایا جات کی ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کرنا چاہتے ہیں لیکن فنڈز کی کمی کے باعث ایساممکن نہیں ہو پا رہا، شہر میں گزشتہ ڈھائی ماہ کے لاک ڈاؤن کے باعث کے ایم سی کا ریونیو نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے اور حکومت سندھ نے ADP کی مدمیں اب تک 625 ملین روپے کی پہلی قسط جاری کی ہے جبکہ بقیہ تین کوارٹرز تاحال کے ایم سی کو نہیں دیئے گئے ۔

تازہ ترین