• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیک ڈسٹرکٹ میں باربی کیوکی فروخت پر پابندی

لندن (پی اے) آتشزدگی کے پے درپے واقعات کے بعد پیک ڈسٹرکٹ میں باربی کیو کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی۔ بام فورڈ مور اور سوئن شائو میں آتشزدگی کا سبب باربی کیو کو قرار دیا جا رہا ہے۔ پارک کے حکام کا کہنا ہے کہ اچھا موسم اور خشک مور لینڈز آتشزدگی کیلئے انتہائی موزوں ہے، آتشزدگی کے ان واقعات کے بعد اس خدشے کے پیش نظر کہ آتشزدگی روزمرہ کا معمول بن سکتی ہے، ریٹیلرز سے کہا گیا ہے کہ وہ باربی کیو کا اسٹاک نہ رکھیں۔ ہفتہ کی رات کو بامفورڈ مور میں آتشزدگی کے واقعے بعد منگل کو بھی فائر فائٹرز اور گیم کیپرز آتشزدگی کے ایک واقعے کے بعد زمین کو گیلا کرنے کی کوشش کرتے رہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ دور واقع ایک باربی کیو سے لگی تھی۔ پیر کو ڈربی شائر کی فائر اور ریسکیو سروس کو سوئن شائو ریزروائر میں ہونے والی ایک بڑی آتشزدگی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ آگ بھی باربی کیو سے لگنے کے شواہد ملے ہیں۔ پیک ڈسٹرکٹ نیشنل پارک کے ایک ترجمان نے کہا کہ لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کھلے مقامات پر ڈسپوزل باربی کیو کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پیک ڈسٹرکٹ میں کھلے کنٹری سائیڈ میں مخصوص مقامات کے علاوہ کہیں بھی باربی کیو کی اجازت نہیں ہے، اب پارک نے نیشنل پارک کے اندر اس کی حدود میں موجود تمام ریٹیلرز سے کہا ہے کہ وہ رضاکارانہ طورپر ڈسپوزیبل باربی کیو کی فروخت بند کردیں۔ ہوپ اور ہیتھرسیج کی دو اسپار شاپس نے اس ہدایت پر عملدرآمد کیا ہے۔ ہوپ کے اسٹور منیجر کرس تھورن نے کہا کہ ہم نے اختتام ہفتہ آتشزدگی کے کئی واقعات کے بارے میں سنا، اس لئے ہم نے باربی کیو کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ آتشزدگی پارک میں آنے والے سیاحوں کی وجہ سے لگی تھی، جنھوں نے ان سے باربی کیو خریدے تھے لیکن ان کی فروخت بند کردینے سے کچھ فرق پڑے گا۔ فائر فائٹر کیلم بیکٹ کو اپریل میں بھی اس طرح کی ایک آتشزدگی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب لاک ڈائون کے عروج کے زمانے میں 4 افراد لیڈز سے ڈربی شائر جا رہے تھے۔ اس دوران باربی کیو پر توجہ نہ دیئے جانے کی وجہ سے ووڈہیڈ پاس کے قریب 4ہیکٹر کا رقبہ آگ کی زد میں آگیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جب سے لاک ڈائون لگایا گیا ہے، انھوں نے کئی مقامات پر عدم توجہ، کیمپ فائر اورباربی کیوز میں اضافہ محسوس کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خشک مورلینڈ کیلئے ڈسپوزیبل باربی کیو انتہائی خطرناک ہے، کیونکہ اسے بہت زیادہ گرم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔جس سے خشک گھاس بآسانی آگ پکڑ سکتی ہے۔ میں ذاتی طورپر سمجھتاہوں کہ پیک ڈسٹرکٹ میں ڈسپوزیبل باربی کیو پرپابندی کا فیصلہ اچھا فیصلہ ہے۔
تازہ ترین