راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے کہاہے کہ راولپنڈی میں 2409افراد میں کورونا وائرس سامنے آیا ہے جبکہ 1296 افراد کامیاب علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں اور 90افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں- قرنطینہ سنٹرز میں 3ہزار سے زائد افراد کی گنجائش موجود ہے جبکہ 112وینٹی لیٹرز کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ 113شدید متاثرہ مریضوں میں سے 27 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ باقی مریض آکسیجن پر ہیں- یہ بات انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نےکہاکہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے کرونا وائرس کے سد باب کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جون کے پہلے3دنوں میں گرانفروشوں کیخلاف کاروائی میں 2944 چھاپوں کے دوران 8لاکھ81ہزار جرمانہ کیا گیا جبکہ 5 دکانداروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔