• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمرشل امپورٹرز کی سنگین معاشی بحران میں حکومت سے ریلیف کی اپیل

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والانے کرونا کی مہلک وبا سے ہونے والی معاشی تباہ کاریوں اور سنگین کاروباری نقصانات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ صنعتی خام مال کے کمرشل امپورٹرز کو فکسڈ ٹیکس رجیم میں بحال کیا جائے اور ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں ایس آر او 1125کو بھی دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ تجارت و صنعت کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔ امین یوسف بالا گام والا نے کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن اور سنگین معاشی بحران کے نتیجے میں کمرشل امپورٹرز کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے اور انہیں سرمائے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ کورونا کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈائون اور ملکی صنعتوں و مارکیٹوں کی بندش کے باعث کمرشل امپورٹرز کا سرمایہ پھنس کر رہ گیا ہے اور اب صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ کمرشل امپورٹرز کے پاس خام مال کی درآمد بحال کرنے کیلئے سرمایہ بھی نہیں جس سے ملکی صنعتوں باالخصوص معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری اور برآمدی صنعتوں کو طلب کے مطابق خام مال کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکے گی اور اگر خام مال کی قلت پیدا ہوئی تو برآمدی صنعتوں کی پیدواری سرگرمیاں بھی رکاوٹ کا شکار ہوں گی جس کے ملک کی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے جو کہ پہلے ہی سنگین بحرانوں کا شکار ہے۔ اُنہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کا صرف گنے چنے شعبوں کو ریلیف دینا تاجربرادری کیلئے تشویش کا باعث ہے بلکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ موجودہ غیرمعمولی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تمام شعبوں کو یکساں بنیاد پر ریلیف دے کیونکہ معاشی استحکام اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں فرد واحد نہیں بلکہ سب کا کردار ہوتا ہے لہٰذا برآمدی شعبہ ہو یا درآمدی، حکومت بلاتفریق ریلیف دے تاکہ کورونا سے متاثرہ کاروبار و صنعتیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں۔ امین یوسف بالاگام والانے وزیراعظم سے غیر رجسٹرڈ افراد کو مال کی فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کمرشل امپورٹرز کو فوری طور پر ریلیف نہ دیا گیا تو وہ اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور جائیں گے لہٰذا شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے اور ایس آر او 1125بحال کرنے کے علاوہ کمرشل امپورٹرز کو فکسڈ ٹیکس رجیم میں بحال کیا جائے جوکہ تجارت و صنعت کو تباہ ہونے سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے صنعتوں کو بلاتعطل خام مال کی سپلائی کیلئے پٹرول پمپس 24گھنٹے کھلے رکھنے کی بھی درخواست کی اور وزیراعظم سے یہ اپیل بھی کی کہ ہفتہ میں 6روز کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کورونا لاک ڈائون سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ہوسکے۔

تازہ ترین