• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ انگلینڈ کیلئے مختصر دورانیے کا کیمپ لگائے جانے کا امکان


انگلینڈ روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ مختصر دورانیے کیلئے لگائے جانے کا امکان ہے، مصباح الحق نے اس سلسلے میں ساتھی کوچز اور ہیڈ آف پلئیر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت بھی کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لئے کوچ مختصر دورانیے کا ٹریننگ کیمپ لگانے کے خواہش مند ہیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق کی اس حوالے سے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان اور ڈائریکٹر پلئیرز ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق سے بھی مشاورت ہوئی ہے۔

کھلاڑیوں کی کیمپ میں تعداد کے حوالے سے مصباح الحق بورڈ آفیشل کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ بائیو سیکور انتظامات میں کیمپ لگانے کے لیے پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کو چیلنجز درپیش ہیں۔

کوروناوائرس کے بڑھنے کی وجہ سے بھی بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کے لیئے کیمپ لگانے کا فیصلہ کرنا مشکل لگ رہا ہے ۔

ٹیم مینجمنٹ فوری طورپر ایک ساتھ کھلاڑیوں کو اکٹھا کر کے کوئی خطرہ مول لینے کے حق میں نہیں، تاہم کھلاڑیوں کے انفرادی طور پر ٹریننگ میں تیزی آگئی ہے ، پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کو نہیں روکا ہے ۔

کھلاڑی بھی اپنے طور پر گراونڈ ٹریننگ کر کے خود کو ردہم رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جون کے تیسرے ہفتے میں لگائے جانے کا پلان کیا جا رہا ہے ۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ جانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، اس سلسلے میں پاک انگلینڈ کرکٹ حکام کے درمیان دوسری ٹیلی کانفرنس اگلے ہفتے متوقع ہے ۔

تازہ ترین