وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کیمرے کے سامنے ٹارزن ہیں لیکن حقیقت میں لیٹے ہوئے ہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمت چاہتے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نہیں مانتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیب کے چھاپے کے وقت شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپ کر بیٹھے تھے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ٹارزن کی واپسی ہوگی، اس کی جھلک پوری قوم نے دیکھ لی، پھر کہتا ہوں شہباز شریف جیل ضرور جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمت چاہتے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نہیں مان رہے۔
لندن میں نوازشریف کی وائرل ہونے والی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ لیگی قائد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر چھ نمبر کا ریگ مار لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے رنگ پسٹن اُڑ چکے ہیں، گراریاں بھی خراب ہو چکی ہیں۔
اسٹیل ملز معاملے پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز سے کسی کو نکالنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 20 سے 30 ارب روپے کی پینشن ہے، حکومت وہ کرے گی جو سپریم کورٹ کے احکامات ہوں گے۔
شیخ رشید نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی نوید بھی سنائی۔