وزیرِاعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستانی سیاست کا بدترین کورونا وائرس ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے الزامات پر ردِ عمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ سنگین حالات میں بھی ان کا کوئی مثبت کردار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ لیگ قیادت نے تین دہائیوں تک ملکی وسائل کو بے دردی سے ہڑپ کیا، اب یہ لوگ پارسا بننے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ چچا شہباز اربوں روپے ٹی ٹیز اور زلزلہ زدگان کی امداد کھا کے لندن دوڑ گئے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کورونا میں سیاست کرنے پاکستان آئے، نیب کی کال پر مریض بن بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹ میں شاعری میں موجود پیغام پر غور کریں، شاعر کے نام پر غلطی کی درستگی کی جاچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے تو ہر ریکارڈ میں غلطی ہے، اسے تو درست کریں، کبھی غرباء کے نام پر اربوں کی ٹی ٹیز اکاؤنٹ میں آنے کی غلطی تو کبھی کیلبری فونٹ کو وجود میں آنے سے پہلے استعمال کرنے کی غلطی۔
شہباز گل نے کہا کہ چچا شہباز کی بھینسوں سے کروڑوں کی آمدن کی غلطی تو تازہ ہے، جبکہ دامادِ اعلیٰ کے اکاؤنٹ میں سرکاری کھاتے سے ادائیگیوں کی غلطی کون درست کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ پہلے لندن تو کیا لاہور میں کوئی جائیداد نہ ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا، اربوں کی جائیداد سامنے آنے پر کوئی شرمندگی بھی نہ ہوئی، کمال ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ان حالات میں خدا کا خوف کریں، حکومت تمام وسائل عوام کی فلاح کے لیے خرچ کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں کورونا نے شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات کے ساتھ کروڑوں افراد کی امداد یقینی بنائی گئی۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ صحت کے نظام کو آپ سالہا سال میں برباد کر گئے، اب شرمندہ ہونے کی بجائے سیاست بھی کر رہے ہیں، آپ کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر سکتے تو کم از کم خاموش ہی رہیے۔