اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے وفاقی وزیر مراد سعید کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید جیسے ہی بولنا شروع کرتے ہیں، مجھے 200 ارب روپے یاد آجاتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چینی بحران کی تحقیقات عمران خان سے شروع کی جائیں، سارا کٹھا چٹھا کھل جائے گا، عمران خان کرونا وائرس سے بگڑتی صورت حال سے توجہ ہٹانے کیلئے سندھ حکومت پر الزام تراشی کروارہے ہیں۔قادر پٹیل نے کہاکہ عوام کرونا سے مررہے ہیں اور عمران خان کو فکر ہے کہ پی پی پی کے خلاف کون سا نیا الزام لگایا جائے، شوگر کمیشن رپورٹ میں لکھا ہے کہ وفاقی حکومت کی مرضی سے شوگر ملز کو سبسڈی ملی۔انہوں نے کہاکہ عثمان بزدار نے شوگر ملز کو سبسڈی دی اور ان کے خلاف ایک لفظ نہیں کہا جارہا، کمیشن رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا، وفاقی حکومت چینی بحران کے حوالے سے اپنی کرپشن چھپانے کے لئے سندھ حکومت پر الزام تراشی کررہی ہے۔