پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ نے پٹرول اور آٹا بحران ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا حکم دیدیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لوگ پٹرول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، افسوس حکومت عوام کو پٹرول بھی نہیں دے سکتی۔ قبل ازیں جسٹس قیصر رشید اور جسٹس احمد علی پر مشتمل بنچ کے روبرو دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل پیش ہوئے تو جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ پٹرول اور آٹے کا کیا بنا؟ کل پٹرول پمپس پر دیکھا برا حال تھا، لوگ پٹرول کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، افسوس حکومت عوام کو پٹرول بھی نہیں دے سکتی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول پمپس والے پٹرول نہیں دیتے، کہتے ہیں انھیں بھی مل نہیں رہاجس پر جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ پٹرول بحران کا ذمہ دار کون ہے، عدالت کو بتایا گیا کہ اوگرا کا کام ہے وہی ذمہ دار ہے۔ فاضل جسٹس کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہناپڑرہا ہے کہ اوگرا سے تو کوئی کام نہیں ہورہاآٹا کا بھی بحران ہے اس کا کیا بنا؟ عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کے ساتھ آٹا بحران پر بات کی ہے۔