پنجاب کے شہر گوجرانوالہ اور اس کے گرد و نواح میں موسلادھار بارش جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
گوجرانوالہ کے جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر شدید اور موسلا دھار بارش ہونے کے باعث پانی جمع ہو گیا ہے اور ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف اور موسم خشک و گرم ہے۔
محکمۂ موسمیات نے صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے، درجۂ حرارت میں بتدریج اضافے کے باعث دن کے وقت موسم قدرے گرم جبکہ شام میں معتدل ہو جاتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اندرونِ بلوچستان بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم ہے، سبی، تربت اور دالبندین سمیت ملحقہ علاقوں میں گرمی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 29 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈکے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 19 سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔