• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستان پر بڑا مشکل وقت ہے اللہ تعالیٰ ہر ایک کے والدین کو صحت عطا فرمائے۔

لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے بتایا کہ شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف بار بار کورونا کے ٹیسٹ کرا رہے تھے، وہ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کو نیب میں طلب کرکےان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہبازشریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور انکی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ شہباز شریف نے 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر میاں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت اور نیب اس کے ذمہ دار ہوں گے۔

تازہ ترین