• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیم: ظہیر اسلم کی پاکستانی طلباء کیساتھ آن لائن ملاقات

بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین کے لیے پاکستان کے سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلباء کے نمائندوں کے ساتھ آن لائن ملاقات کی۔

اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے اپنے ابتدائی کلمات میں COVID-19 کی وباء کے دوران مشکل وقت میں طلبا کی خیرو عافیت کی، جس کے بعد انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو محفوظ اور صحتمند رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے کہا گو کہ یورپ میں صورتحال میں نرمی آنی شروع ہو گئی ہے مگر کیونکہ وبائی مرض ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لیے یورپی حکومتیں اس وباء کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔ لہذا، میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ مقامی حکام اور اپنے تعلیمی اداروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے رہیں۔

ظہیر جنجوعہ نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ سفارتخانے میں اپنا اندراج کروائیں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح سفارتخانے کی طرف سے معلومات جلد فراہم کی جا سکتی ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی اور طلباء سے قریبی رابطہ رکھنے کے لیے سفارتخانے کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کو یقینی بنانا اس لیے ضروری ہے کہ اس مشکل وقت میں کسی بھی ضرورت مند شخص کو ہر ممکنہ مدد فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پہلے کی طرح یونیورسٹیوں میں جا کر طلباء سے ملنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں گے جو لاک ڈائون کی وجہ سے روکنا پڑا تھا۔ بات چیت کے دوران طلباء نے یہاں تعلیم حاصل کرنے کے اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور سفارت خانہ کی طرف سے ان سے مستقل رابطے میں رہنے کو سراہا۔

جن یونیورسٹیوں کے طلباء نے اس بحث میں حصہ لیا ان میں کے یو لیوین، گینٹ، ہاسلٹ، فری یونیورسٹی برسلز فلیمش (VUB)، فری یونیورسٹی برسلز - فرانسیسی (ULB) اور یونیورسٹی لکسمبرگ شامل ہیں۔

تازہ ترین