• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاملات کے حل کیلئے پی ایس ایل فرنچائزز کا پی سی بی کو خط

معاملات کے حل کیلئے پی ایس ایل فرنچائزز کا پی سی بی کو خط


پاکستان کے کامیاب برانڈ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے معاملات الجھنے لگے،‏ مطالبات اور معاملات کے حل کے لیے فرنچائز مالکان نے پی سی بی کو خط لکھ دیا گیا، فرنچائزز نے پی ایس ایل اپنے ملک میں ہونے کے باوجود اخراجات بڑھنے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے معاملات ایک بار پھر سر اٹھانے لگے، فرنچائزز نے مل کر پی سی بی کو ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبات اور مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے برانڈ کو بچانے کے لیے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے بھی رابطہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزرز بورڈ کے رویے اور غلط فیصلوں سے نالاں ہیں وہ ایونٹ پاکستان میں ہونے کے باوجود اخراجات بڑھنے پر حیران ہیں، پول شیئرنگ کی بجائے واجبات کی ادائیگیوں کے مطالبے سے بھی فرنچائزرز ناراض ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ التواء کے شکار مطالبات کے پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھی پی ایس ایل فرنچائزرز کو ایک ہوکر خط لکھنا پڑا اور بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران سے مطالبہ کرنا پڑا کہ بینک گارنٹی ختم، مالکانہ حقوق کی مدت بڑھانے اور الگ کمپنی جیسے مطالبات اب زور پکڑگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈالر کی حد مقرر کرنا اور نئے ٹیکس کو ختم کرنا بھی مطالبات میں شامل ہے، فرنچائزز کا شکوہ ہے کہ ماضی میں بھی مسائل کی طرف توجہ دلائی گئی لیکن سنی نہ گئی، اہم معاملات میں فرنچائزز کو شامل نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزز کو خدشہ ہے کہ موجودہ بورڈ مینجمنٹ کے رویوں اور فیصلوں سے پی ایس ایل برانڈ خراب ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین