راولپنڈی کے علاقے صدر بازار کے کوئلہ سینٹر چوک میں ہونے والے دھماکے میں دشمن ملک کے ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔
راولپنڈی میں جمعے کے روز ہونے والے دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، اس حوالے سے سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں دشمن ملک کی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں ہی بھارتی فوج کے میجر (ر) گورو آریا نے پاکستان کے بارے میں زہر اگلا تھا۔
پاکستان دشمن چینل ری پبلک ٹی وی کے متعصب اینکر ارنب گوسوامی کے پروگرام میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے گورو آریا نے ڈھٹائی کے ساتھ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں سے رابطوں کا نہ صرف اعتراف کیا تھا بلکہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
گورو آریا کی دھمکی کے نو دن بعد 19 مئی کو بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے دو واقعات میں ایف سی کے سات جوان شہید ہوگئے تھے۔
تاہم اس کے بعد اب جمعے کو راولپنڈی میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ ایک انسانی زندگی لے گیا اور پندرہ شہری زخموں سے چور ہیں۔
واضح رہے کہ اسی پروگرام میں گورو آریا نے بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کے نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے فون نمبرز ان کے موبائل فون میں موجود ہیں، اور ان کی لوکیشن بھی جانتے ہیں۔