آزادکشمیر، گلگت بلتستان، مالاکنڈ ڈویژ ن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 8 روز بعد بھی شاہراہ قراقرم جگہ جگہ سے بند ہے۔
شاہراہ قراقرم کا ہنزہ اسکردو سیکشن اور گلگت اسکردو روڈ بحال کردیا گیا ہے۔آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں کےبہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی شدید بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سےجاری ہے، بارشوں کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
گزشتہ 8 روز سے شاہراہ قراقرم کوہستان، دیامر اور گلگت کے درمیان مختلف مقامات پر بند ہے۔ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کھولنے کے کام میں دشواری کا سامنا ہے۔
ایف ڈبلیو او کے حکام نے شاہراہ قراقرم کے ہنزہ گلگت سیکشن پر ٹریفک بحال کردیا ہے جبکہ گلگت اسکردو روڈ کی بحالی سے کھرمنگ، گھانچے اورشگر کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا ہے۔
ضلع کوہستان کی تحصیل پٹن میں لینڈ سلائیڈنگ سے واٹر سپلائی اسکیم تباہ ہوگئی ہے۔سوات، دیر اور چترال میں بھی موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔