• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اذان سمیع، نغمہ نگار شکیل سہیل کی یاد میں غمزدہ

دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہونے والے پاکستان کے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل کو یاد کرتے ہوئے گلوکار اذان سمیع خان کا ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اذان سمیع خان نے شکیل سہیل کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’4 سال قبل میری ملاقات شکیل سہیل صاحب سے ہوئی تھی وہ ایک انتہائی مہربان، خوش مزاج اور عاجز پسند انسان تھے جن کے ساتھ میں نے ابھی تک کام کیا۔‘


اذان سمیع خان نے لکھا کہ ’شکیل سہیل پاکستان کے بہترین نغمہ نگاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے غلط فہمی، دوستوں، تھام لو، مسافر، انجانہ جیسے ہٹ گیت تحریر کیے اور بہت سی کامیاب فلموں کے لیے گیت لکھے جنہیں سُننے والوں نے بےحد پسند کیا۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’شکیل سہیل میرے لیے میری ریڑھ کی ہڈی کے مانند تھے کیونکہ میں کچھ بھی کمپوز کرنے سے پہلے اُن کا مشورہ لینا پسند کرتا تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’ شکیل سہیل نے کمپوزنگ سیکھانے میں میری بہت مدد کی ہے اور اُن کی ہی اصلاح سے میں نے کمپوزنگ سیکھی جو میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔‘

اذان سمیع نے لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ شکیل سہیل ابھی بھی میرے ساتھ موجود ہیں، میں اُن کو کبھی نہیں بھول سکتا۔‘

گلوکار نے شکیل سہیل کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’شکیل سہیل ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے اور میں ہر چیز کے لیے اُن کا بےحد شکر گزار ہوں۔‘

یاد رہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل 55 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

شکیل سہیل نے کئی ابھرتے ہوئے نئے گلوکاروں کے لیے بھی گانے لکھے ہیں اور اُنہوں نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں کے لیے بھی گانے تحریر کیے۔

شکیل سہیل نے ماہرہ خان کی فلم ’سپر اسٹار‘ کا مشہور گانا ’غلط فہمی‘ اور فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا گانا ’تھام لو‘ بھی لکھا۔

اس کے علاوہ شکیل سہیل نے بہت سی کمپنیز کے اشتہار کے لیے بھی خصوصی نغمے لکھے ہیں، سُننے والے اُن کے تحریر کیے گئے نغموں کو بےحد پسند کرتے ہیں۔

تازہ ترین