اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا پول پوری دنیا کے سامنے کھل چکا ہے اور اس کی حقیقت اندرون وبیرون ملک پاکستانیوں پر عیاں ہوچکی ہے۔جس منی لانڈرنگ کیس کا ذکر ہوتا ہے اور سلیمان شہباز کے خلاف کہا جا رہا ہے وہ کیس اور اُس کے ثبوت کہاں ہیں. ایسی ہی کارروائی کا اسحاق ڈار کے بارے میں کہا گیا اور سوائے رسوائی کے حکومت کے حصے میں کچھ نہیں آیا۔مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف کے صاحبزادےسلیمان شہباز کی گرفتاری کے لئے عالمی پولیس سے مدد لینے کے حکومتی اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو سال سے شریف خاندان، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائدین نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے، ان کے ہر سوال کا دلیری، شفافیت اور شواہد سے جواب دیا ہے۔