• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور، پشاور، کوئٹہ، بہاولپور اور نواب شاہ میں احتجاج ہوا، مظاہرے میں تاجر برادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

لاہور
لاہور میں ڈیوس روڈ پر گزشتہ کئی ہفتے سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار شاہد، سینئر صحافی مقصود بٹ سمیت دیگر شرکاء نے اظہار یکجہتی کے لیے کیمپ میں شرکت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن آزادی صحافت کا سورج بن کر چمک رہے ہیں، صحافت، جمہوریت، عوام کے حقوق اور ملکی استحکام کے لیے ان کی خدمات ڈھکی چھپی نہیں ہیں، میر شکیل الرحمٰن کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

پشاور
پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکن اور عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر بلور احتجاج میں شریک ہوئیں۔

ثمر بلور نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی زبان بندی اور سچ بولنے پر صحافیوں کا معاشی قتل جاری ہے۔

کوئٹہ
کوئٹہ میں میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے حق میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں جنگ گروپ کے کارکنوں نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

بہاولپور
بہاولپور میں پریس کلب میں صحافیوں نے احتجاج کیا۔

بہاولپور یونین آف جرنلسٹ کے جنرل سیکریٹری راشد ہاشمی نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جیو، جنگ گروپ کی بندش کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

نواب شاہ
نواب شاہ میں تاجروں نے کچہری روڈ پر احتجاج کیا۔

تاجر رہنما اکرم شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے۔

تازہ ترین