• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن، 20 بڑے شہر کورونا کے گڑھ، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں متاثرہ علاقے دو ہفتے کیلئے سیل

ملک میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن، 20 بڑے شہر کورونا کے گڑھ


کراچی، لاہور، خیرپور ( نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، نامہ نگار) کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نےملک کے 20؍ بڑے شہروں میں سخت اقدامات کی تجویز دیدی،

کورونا سے متاثرہ شہروں میں لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، ڈی جی خان، گھوٹکی، سوات، مالاکنڈ، مردان اور دیگر شامل ہیں.

لاہور میں وائرس کے پھیلائو میں تیزی آنے بعد شہر کے 9 علاقے سیل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردیا گیا، متاثرہ علاقوں کو کم از کم دو ہفتے کیلئے بند رکھاجائیگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا کے معاملے پر ہم کچھ چھپانا نہیں چاہتے، اعدادو شمارجاری کرنے کا مقصد لوگوں کو آنے والے حالات کیلئے تیار کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے متاثرہ 20 شہروں کی نشاندہی کی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے زیادہ متاثرہ شہروں کی نشاندہی ٹیسٹنگ، ٹریسنگ اور قرنطینہ حکمت عملی کے تحت کی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا کیسز بڑھنے کے لحاظ سے ملک کے ان مجوزہ 20 شہروں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے، ان شہروں کے متاثرہ علاقوں کو بند کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کےعلاقے جی نائن ٹو اور جی نائن 3 میں 300 سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسکے علاوہ آئی 8، آئی 10، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی 6 اور جی 7 کے علاقے نیو ہاٹ سپاٹ ہیں۔این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی نشاندہی کی گئی ہے، وہاں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔

سرگودھا میں کورونا وائرس کے باعث ضلع کے 14 مقامات کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند کردیا گیا ہے۔ادھر خیرپور میں کوروناوائرس پھیلنے پر شہر کے 6 علاقے سیل کردیئے گئے ہیں، شہر کے 4 علاقے پنج ہٹی ،آخوند محلہ ، عریشا کالونی اور ماچس فیکٹری کے علاقے ایک روز قبل سیل کیے گئے تھے۔

ضلع بھر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فیض گنج، چونڈکو،گمبٹ، ہنگورجہ ، پیر جو گوٹھ اور کئی علاقوں میں کوروناوائرس پھیل چکا ہے۔ ادھر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ کل رات 12 بجے کے بعد شاہدرہ، شاد باغ، ہربرنس پورہ کے علاقوں کو بند کررہے ہیں جبکہ گلبرگ کے کچھ علاقے نشتر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کچھ سوسائٹیز، والڈ سٹی اور مزنگ کے علاقوں کو بھی بند کردیا جایگا۔

انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو کم از کم 2 ہفتوں کیلئے بند کیا جائےگا تاہم اس دوران ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور فارمیسی کھلی رہیں گی جب کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کرینگے۔ 

تازہ ترین