• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپریشن مذاق نہیں حقیقت ہے، اسے سنجیدہ لیں :عمران عباس


پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے نامور اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ ڈپریشن یا دماغی صحت میں مسائل مذاق نہیں حقیقت ہے ، لوگو ں کو اسے سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے ۔

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے عمران عباس نے دماغی صحت کے حوالے سے ایک پیغام شیئر کیا۔

انہوں نے اپنے سوشل پیغام کے آغاز میں اس چیز پر زور دیا کہ ایک دوسرے سے خیریت پوچھیں، اداکار نے لکھا کہ ڈپریشن ایک حقیقت ہے اس لڑنے والوں کو کبھی تنہا مت چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ کوئی اپنی ظاہری زندگی میں کتنا خوش نظر آتا ہو اس کی زندگی کے اندرونی حالات جاننے کی کوشش کریں اور کبھی تنہا مت چھوڑیں۔

انہوں نے لکھا کہ دولت، شہرت اور کامیابی آپ کے ذہنی سکون کی ضمانت نہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خصوصاً میڈیا سے وابستہ  زیادہ تر لوگوں کیلئے منفی اور تنقیدی رجحان پایا جاتا ہے اور مسلسل ایک دھونس کا سامنا رہتا ہے جس سے وہ مستقل طور پر محاز آرائی میں مصروف ہوتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اس سب کے باوجود ہمیں کیمرے کی سامنے آنے کیلئے ایک مختلف شخصیت کے طور پر آنا ہوتا ہے اور اپنے چہرے پر خوش مزاجی اور ساتھ ہی خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔

آخر میں اداکار نے بتایا ک انہیں سوشانت کی موت کی خبر نے حیران کردیا ہے کہ محض 34 سالہ نوجوان اس ذہنی بیماری سے لڑتے لڑتے اس خوفناک انجام تک جا پہنچا۔

واضح رہے کہ34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے اتوار کے روز گلے میں پھندہ لگا کر خودکشی کرلی ہے، بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے۔

تازہ ترین