کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس بوائز ہاکی کلب کی37 ویں سالگرہ کے موقع پر کھیلے گئے نمائشی ہاکی میچ میں شیروانی موٹرز ہاکی کلب نے پولیس بوائز ہاکی کلب کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی، میچ کے مہمان خصوصی ایس پی لیاقت آباد ثاقب ابراہیم اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر ڈی ایس پی اعجازالدین تھے جنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شریف اور انس صدیقی نے دو، دو جبکہ نعمان نے ایک گول اسکورکیا، شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے فہیم خان نے دو عبداللہ اور ماجد نے ایک ایک گول اسکورکیا۔ میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کی آسٹروٹرف پر کھیلا گیا اختتامی تقریب سے انٹر نیشنل ہاکی پلئیر جان محمد نے بھی خطاب کیا۔