• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے 3 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار


کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کراچی کے تین اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، ضلع شرقی، غربی اور کورنگی کی 43 یونین کونسلوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز ہے۔

عید سے کچھ دن پہلے دی گئی چھوٹ کورونا کیسز میں اضافے کا سبب بنی تو ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

شہری انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ضلع شرقی، غربی اور ضلع کورنگی کی 43یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاون ہوگا اور متاثرہ علاقوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے سیل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پابندی کے اوقات اور ضروری اشیا کی فراہمی کا طریقہ کار محکمہ داخلہ طے کرے گا، محکمہ پولیس لاک ڈاؤن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس کے بعد لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع غربی میں منگھوپیر، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ اور کیماڑی سمیت 13 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

ضلع شرقی کی 16 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا جن میں محمد علی سوسائٹی، بہادر آباد، عیسی نگری، گلشن اقبال، صفورا گوٹھ، عسکری فور، گلستان جوہر بلاک 13 ،پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 اور بلاک 6 ،بلتی محلہ، مارٹن کوارٹر، فاطمہ جناح کالونی، تین ہٹی، جہانگیر روڈ ایک اور 2 نمبر، سولجر بازار اور نمائش کے علاقے شامل ہیں۔

ضلع کورنگی کی 14 یونین کونسلز پابندی کی زد میں آئیں گی جن میں ناتھا خان گوٹھ، کھوکھراپار، بھٹائی کالونی، زمان ٹاؤن اور چکراگوٹھ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ناصر کالونی، عوامی کالونی، ماڈل کالونی، الفلاح، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ان علاقوں کو پولیس اور رینجرز کی مدد سے سیل کیا جائے گا، لاک ڈاؤن کے اوقات کیا ہوں گے؟؟ کون سا کاروبار کھولا اور کون سا بند رکھا جائے گا؟ یہ فیصلہ صوبائی محکمہ داخلہ کرے گا۔

تازہ ترین