• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طارق عزیز کی وفات پر فنکاروں کے تعزیتی پیغامات

پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام طارق عزیز آج دنیا سے رخصت ہوا جس کے باعث ایک خلاپیدا ہوگیا جسے پُر کرنا ناممکن ہوگا ۔

لیجنڈ کے دنیا سے رخصت ہونے پر موجودہ اداکار و گلوکار غمزدہ ہیں اور اپنے سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے ’ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور پی ٹی وی کیلئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔

اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’میرے بچپن کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے طارق عزیز آج دنیا سے رخصت ہوگئے، اللہ آپ کو دائمی سکون عطا کرے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں طارق عزیز کا معروف ڈائیلاگ ’دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام‘ بھی تحریر کیا۔

معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہماری قوم اپنے ہیروز کو بہت جلد بھول جاتی ہے لیکن طارق عزیز کی شخصیت کبھی نہیں بھلائی جائے گی۔

انہوں نے لکھا کہ طارق عزیز کے ساتھ ہی ایک عہد بھی اختتام پزیر ہوا ہے، انہوں نے لکھا کہ طارق عزیز نے ناصرف ہمیں گفٹس بلکہ بہت سی یادیں بھی دی ہیں۔

معروف میزبان و اداکار واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں طارق عزیز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اداکارہ صبا قمر نے لکھا کہ وہ طارق عزیز کی وفات کی خبر سننے کے بعد شدید دل شکستہ ہیں۔

اداکار بلال اشرف نے طارق عزیز کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ طارق عزیز کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

علی رحمن خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ میری زندگی کی نہایت معزز  اور دل چسپ شخصیات میں سے ایک  طارق عزیز اب ہم میں نہیں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک سپر اسٹار ، مہربان دل اور بہترین شخصیت کو اللہ تعالی ابدی سکون عطا کرے، طارق عزیز ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔


تازہ ترین