• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کا دورہ کراچی مکمل ہوگیا


وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا دورہ کراچی مکمل ہوگیا، وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے کے وفود اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، سندھ کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

عمران خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی، ایم کیو ایم، گرینڈ ڈیموکریٹس الائنس اور اتحادی جماعتوں کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ، غربت میں کمی اور عوامی خدمت ہے اور اس کیلئے وفاقی حکومت سندھ سمیت تمام صوبوں سے ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔

ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل اور میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم کو کراچی کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا جبکہ اسٹیل مل کے ملازمین کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

جی ڈی اے رہنماؤں نے وزیراعظم کو سندھ میں ترقیاتی کاموں اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم نے سندھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میئر کراچی وسیم اختر اور ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو کو شہر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اسٹیل ملز ملازمین کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

تازہ ترین