• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف ٹیکس چور ہیں، عدالتی کمیشن نہیں بنا سکتے، سراج الحق

 پشاور ( آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف ٹیکس چور ہیں اور ایک ملز م کوعدالتی کمیشن بنانے کاکوئی حق نہیں ہے۔ جماعت اسلامی  پاکستان کو ایک ایسا اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے جس میں غربت ،بے روزگاری ، بدامنی ، مہنگائی اور کرپشن نہ ہو ۔ جس میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق ملیں گے جس میں اقلیتوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے چوک و چوراہوں پر احتجاج نہیں کرنا پڑے گا ۔پانچ بڑی بیماریوں کینسر ، یرقان ،دل کی بیماری ، بچوں کی تھیلی سیمیا اور گردوں کی بیماری کا علاج مفت ہوگا ۔ آٹا ، گھی ،چائے ، چاول اور چینی پر سبسڈی دیں گے ۔ بے گھروں کو گھر ، نوجوانوں کو روزگار ملنے تک وظیفہ دیں گے ۔ کرپشن کا خاتمہ کر کے ان پیسوں کو عوام پر خرچ کریں گے اور جس نے قوم کے پیسے کو لوٹا ، بینکوں کے پیسے باہر منتقل کیے ،سٹیل ملز کو ناکام بنایا ،پی آئی اے کے منافع کو خسارے میںتبدیل کیاان لٹیروں کا احتساب چوکوں اور چوراہوں میںکریں گے ۔پاکستان میںوسائل کی کمی نہیں ہے ۔ ہم غیر ترقیاتی اخراجات کا خاتمہ کریں گے کرپشن ختم کریں گے ، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے اور پیسہ بچائیں گے اور یہ پیسہ غریبوں پرخرچ کریں گے ۔ 68 سال سے اقتدار پر قابض پارٹیوں نے نہ پہلے ایک دوسرے کاا حتساب کیا نہ آئندہ کریں گی ۔ان پارٹیوں میں ایک ہی کلب کے لوگ ہیں ۔نیب کے ادارے کو آزادی سے کام کرنے سے روکا جارہاہے اور اس پر کمیشن بٹھایا جارہاہے ۔ جب تک بے لاگ احتساب نہ ہوگا کرپشن ختم نہیں ہوگی ۔ معاشی ،سیاسی اور انتخابی دہشت گردوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ وہ پشاور میںجماعت اسلامی اقلیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔   سراج الحق نے   کہاکہ جب میں صوبائی اسمبلی کا ممبر تھا تو میں نے صوبائی اسمبلی میںقرار داد پیش کی تھی کہ اقلیت ہمارے پاکستانی بھائی ہیں اس لیے اس کوغیرمسلم اقلیت کہنے کے بجائے پاکستانی برادری کہا اور لکھا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ احتساب صرف وہ جماعت کرسکتی ہے جس کا اپنا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہو۔جماعت اسلامی کے سینکڑوں لوگ قومی و صوبائی اسمبلیوں ،بلدیاتی اداروں اور سینیٹ کے ممبر رہے اور پوری دیانتدار ی سے قوم کی خدمت کی ۔ہمارے دامن پر کرپشن کا ایک بھی داغ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقلیت ہمارا ساتھ دیںتو ایک ایک لٹیرے کو گریبان سے پکڑ کر قومی دولت نکلوائی جاسکتی ہے اور ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے ۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان کی تحریک دراصل پاکستان کے تحفظ ،سلامتی اور وحدت کی تحریک ہے ۔ اس تحریک میں ملک بھر سے عوام لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوکر اسٹیٹس کو کی قوتوں کو عبرت ناک شکست دینے میں ہمارا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف جنگ ملک دشمنوں کے خلاف آخری معرکہ سمجھ کر لڑ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے اور اس نظام سے باغی ہیں جس میںخوانین اور نوابوں کے کتے پلائو اور گوشت کھاتے ہوںاور غریب کا بچہ گندگی کے ڈھیر میں رزق تلاش کرتا ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کرپشن فری پاکستان مہم شروع کر رکھی ہے اس مہم میں اقلیت ہمارا ساتھ دیں ۔ کرپشن ملک کے لیے کینسر ہے اور ہم سب نے مل کر اس کینسر کا علاج کرنا ہے ۔ قوم پر مسلط حکمران ٹولہ اندرون و بیرون ملک اپنے کاروبا ر چمکانے اور دولت سمیٹنے میں مگن ہے ۔
تازہ ترین