• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے جاں بحق پولیس ملازمین کو شہید کا درجہ دینے کی منظوری

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ مشتاق احمد مہر نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے سندھ پولیس کے ملازمین کو شہداء کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس ذرائع کے مطابق اس حوالے سے آئی جی سندھ کی سفارشات پر مشتمل سمری حکومت سندھ بھجوا دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے دستخط کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے سندھ پولیس کے ملازمین کے لواحقین کو شہداء پولیس کی مراعات دی جائیں گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے لگ بھگ ایک ماہ قبل آئی جی سندھ کو خط کے ذریعے سفارش کی تھی کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے فرنٹ لائن پر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں جن میں سے کئی انتقال کرچکے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کو شہید کا درجہ دینے کی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اس کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سندھ پولیس کے ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے آئی جی سندھ کی سفارشات کے ساتھ ایک سمری تیار کرکے حکومت کو بھجوا دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے ملازمین کو حادثاتی شہید کا درجہ دیا جارہا ہے، جس کے تحت شہید کے خاندان کے کسی ایک خونی رشتہ دار کو پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔

شہید کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک خاندان کو مکمل تنخواہ اور دیگر تمام مراعات فراہم کی جائیں گی۔

شہید کے بچوں کی شادیوں یا تعلیمی اخراجات کے سلسلے میں اسکالرشپ دی جائیگی اور شہید کی فیملی اگر سرکاری کوارٹر یا فلیٹ میں مقیم ہے تو شہید کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک اسے رہائش کی سرکاری سہولت فراہم برقرار رہے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے شہید پولیس ملازم کے ورثاء کو حادثاتی موت کی کیٹیگری کے 10 لاکھ روپے امداد کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

تازہ ترین