• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک کی قیادت میں حکومتی وفد اخترمینگل سے ملاقات کرےگا

پرویز خٹک کی قیادت میں حکومتی وفد اخترمینگل سے ملاقات کرےگا


وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں حکومتی وفد آج اختر مینگل سے ملاقات کرے گا، ملاقات میں اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کو منانے کی کوشش کی جائےگی۔

حکومتی وفد کی بی این پی سے ملاقات میں چھ نکاتی ایجنڈے پرعمل درآمد پر بھی بات چیت ہوگی۔

سردار اختر مینگل نے تین روز پہلے قومی اسمبلی میں کھڑے ہوکر حکومتی اتحاد چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت کور کمیٹی اجلاس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اتحادیوں کو منانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کیےجائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کور کمیٹی کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی بی این پی سے ملاقات کرے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کو فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ہفتے کو جے یو آئی (ف) کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو بلوچستان کے مسائل کو حل کرے۔

 اختر مینگل نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے ایوان میں حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی واجد جماعت ہے جس نے ایسا کیا، ہم پہلے بھی حکومت کو وارننگ دیتے رہے ہیں۔

تازہ ترین