• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:ایکسپو سینٹر میں ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ کا قیام


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایکسپوسینٹر کراچی میں ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ ( ایچ ڈی یو) کا افتتاح کردیا ۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق افتتاح کے موقع پر وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ پاکستان آرمی اور سندھ حکومت کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے ۔

ایچ ڈی یوکو چلانے میں انڈس اسپتال انتظامیہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، یہاں آکسیجن کی ضرورت والے مریضوں کو رکھا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایچ ڈی یو 140 بستر اور سات کمروں پر مشتمل ہے، اس پروجیکٹ سے کراچی میں140 آکسیجن والے بیڈز کا اضافہ ہوگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے افتتاح کے موقع پر پاک فوج اور طبی عملے کی کوشش کو سراہا اور کہاکہ 10 روز کی قلیل مدت میں جدید طبی آلات سے لیس ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس پہلے ہی 1553ایچ ڈی یو بیڈز کا بندوبست ہے، اب مزید 140بیڈ کا انتظام ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہر وارڈ میں تربیت یافتہ پیرا میڈیکل اسٹاف ہمہ وقت موجود رہےگا، ایچ ڈی یو کے قیام سے دوسرے اسپتالوں سے میڈیکل لوڈ کم ہوگا۔

سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ایچ ڈی یو میں آکسیجن کی وافر مقدار کے ساتھ جدید طبی سہولیات بھی موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان آرمی پہلے بھی ایکسپو سینٹر میں 1200 بیڈز کا فیلڈ آئسولیشن سینٹر بناچکی ہے۔

تازہ ترین