سکھر (بیورورپورٹ ) سکھر میں اولاد نہ ہونے اور دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر بیوی کو گرم استری سے جلانے اور قید میں رکھنے والے سنگدل شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزم شیرالدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے آج پیر کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق واقعہ گزشتہ شب روہڑی میں پیر مراد شاہ پھاٹک کے علاقے میں پیش آیا، متاثرہ خاتون نسرین نے روہڑی تھانے میں مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اولاد نہ ہونے اور دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر اس کے شوہر شیر الدین نے اپنی بہن کے ساتھ ملکر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرم استری سے اسے جلایا اور گھر میں قید کردیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کے چہرے کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے۔ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے۔