• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے وزیراعظم عمران خان کو کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی، وزیراعظم نے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی طیارہ حادثے کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ پیش کی اور اس پر بریفنگ بھی دی۔

وزیراعظم نے وزیر ہوا بازی کو رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی، جس کے بعد اب وفاقی وزیر غلام سرور خان عبوری تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق عبوری تحقیقاتی رپورٹ میں کاک پٹ کریو ، ایئر ٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جبکہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا طریقہ کاربھی ناکام قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں حادثے کی وجوہات میں طیارے میں فنی خرابی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا ہے۔

رپورٹ سے متعلق ذرائع کاکہنا ہے کہ حادثے کےشکار طیارے کے آلات اور سسٹمز کی جانچ کا کام ابھی جاری ہے،طیارے کے ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر سے ملنے والی معلومات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق طیارے کی لاہور سے کراچی پرواز کا ایئرٹریفک کنٹرول سے حاصل ریکارڈ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

تازہ ترین