دو روز قبل مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا کی جانب سے اُن کے مخالفین کے لیے ایک خصوصی پیغام سامنے آیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سونا کشی سنہا نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’سب سوچ رہے ہوں گے کہ میں نے کیسےخود کو ٹوئٹر اور منفی لوگوں سے دور کیا؟ جبکہ کچھ لوگ اس کو اپنی جیت سمجھ کر جشن بھی منا رہے ہوں گے کہ میں نے اُن سے ڈر کر ٹوئٹر چھوڑ دیا۔‘
سوناکشی سنہا نے لکھا کہ ’میں نے اُن لوگوں کی طاقت چھین لی ہے جو میرےاور میرے اہل خانہ کے لیے متنازع گفتگو کر رہے تھے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’یہاں صرف ایک فاتح ہے اور وہ میں خود ہوں، میرے علاوہ کسی کی کوئی جیت نہیں ہوئی ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ کے منفی رویے نے کبھی بھی میری زندگی میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے 16ملین فالوورز کے ساتھ اپنے اکاؤنٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے، آپ اپنی نفرت اور ٹرولنگ کو جاری رکھیں لیکن یہ بات بھی یاد رکھیں کہ اب آپ کی نفرت مجھ تک نہیں پہنچ سکے گی۔‘
سوناکشی سنہا نے اپنے چاہنے والوں کے لیے لکھا کہ ’جو لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں اُن کا شکریہ، آپ کے پیار کی وجہ سے ہی مجھے یہ سب کرنے کی ہمت ملی ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ اسی طرح پیار کرتے رہیں اور جہاں بھی جائیں اپنی محبت کو پھیلائیں۔‘
واضح رہے کہ ٹوئٹر سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے ٹوئٹر سے اپنی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنا ایک خصوصی ٹوئٹ پوسٹ کیا تھا۔
سوناکشی سنہا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ذہنی سکون اور خود کو فالتو کی تنقید سے محفوظ رکھنے کے لیے سب سے پہلا قدم منفی سوچ اور منفی چیزوں سے دور رہنا ہے اور آج کل ٹوئٹر پر کچھ زیادہ ہی منفی چیزیں ہو رہی ہیں، اسی وجہ سے وہ امن اور سکون کے لیے ٹوئٹر سے دوری اختیار کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سوناکشی سنہا کو اُن کے متنازع بیانات کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اداکارہ نے ٹوئٹر سے دوری اختیار کرلی ہے۔