پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر جرمنی کے مختلف شہروں میں پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے جیالے و کارکنان نے تقریبات کا انعقاد کیا۔
جیالوں نے بی بی شہید کے جمہوری اور ترقی پسند نظریئے، عوام دوست اور خصوصا خواتین کی بہبود پر مبنی پالیسیوں کے ساتھ عہد وفا کرتے ہوئے اُن کا یوم پیدائش منایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کے موجودہ صورتحال کے سبب سالگرہ کی تقریبات سادگی کے ساتھ علاقائی یونٹس کے تحت منائی جائیں گی۔
چیئرمین بلاول بھٹو کے اعلان پر عمل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی جرمنی کے سیاسی قائدین نے جرمنی کے مختلف شہروں میں بی بی شہید کی سالگرہ کے کیک کاٹے اور انہیں سنہرے لفظوں میں یاد کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر زاہد عباس نے سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے 67 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بی بی کی پاکستان اور عالم اسلام کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
پی پی پی جرمنی کے جنرل سیکریٹری چوہدری فاروق نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ مناتے ہوئے وہ لحمے نہیں بھولتے جب کارکن بی بی کے ساتھ مل کر ان کی سالگرہ مناتے تھے۔
پی پی پی برلن کے صدر منظور اعوان نے بے نظیر بھٹو کے سوشل ڈیموکریٹک جمہور دوست نظریئے کی پیروی پر زور دیا۔ منظور اعوان کے مطابق پاکستان کی جمہویت آمریت کے حملوں کی زد میں رہی ہے، ایسے میں بی بی شہید تنہا جابر فوجی آمروں کا مقابلہ کرتی تھیں۔
خواتین ونگ کی صدر نزہت ہارون نے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بی بی شہید نے ہمیشہ پاکستانی خواتین کی تعلیم و ترقی کے لیے کام کیا اور ان کا ادھورا مشن بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنا کر پورا کریں گے۔ بقول اُن کے، ہمیں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔
جرمن شہر گوٹنگن کے صدر محمد ہارون نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوری نظام برقرار رکھنے کے لیے سب سے زیادہ قربانی دیں ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر پاکستان کو خوشخالی کی ڈگر پر گامزن کریں گے۔
پیپلز پارٹی ہیمبرگ شہر کے صدر فرید قریشی نے کہا کہ بی بی شہید کا ادھورا مشن ہم جیالے پورا کریں گے ہمیں اپنے سیاسی قائدین پر اعتماد ہے۔ ان کے بقول، بی بی شہید کے قاتل ابھی زندہ ہیں، ہم ان کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
بریمن شہر کے رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عہد کیا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے فرزند کو سرخرو کریں گے۔
پیپلز پارٹی برانڈنبرگ کے صدر جاوید اقبال کے زیر صدرات سالگرہ کی تقریب میں لیاری کے جیالوں نے خصوصی شرکت۔
لیاری سے تعلق رکھنے والے بے نظیر سیکیورٹی اسکواڈ کے رہنما عابد بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ لیاری کو بی بی شہید کا گڑ بنانے کے لیے پارٹی کو لیاری میں ایک مرتبہ پھر فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔