شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ ’اسراء بلجیک‘ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ سیکشن بند کردیا ہے۔
ترک اداکارہ اسراء بلجیک کو ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے پر جہاں پاکستانی مداحوں سے پیار و محبت مل رہا ہے تو وہیں کچھ پاکستانی ایسے بھی ہیں جو اداکارہ کے مغربی لباس کی وجہ سے اُن پر شدید تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔
اسراء بلجیک کی انسٹاگرام پوسٹس پر نظر دوڑائی جائے تو اس بات کا بخوبی اندازہ ہوگا کہ جہاں پاکستانی عوام ترک اداکارہ کی عمدہ کارکردگی پر اُن کی پوسٹس کے کمنٹ سیکشن میں اُن کے لیے تعریفی پیغامات جاری کرتے ہیں تو وہیں کچھ پاکستانی مداح اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔
اب حال ہی میں اسراء بلجیک نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویر پوسٹ کی جس میں اداکارہ نے مغربی لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
تصویر پوسٹ کرنے کے بعد پہلے تو اسراء بلجیک نے اپنی پوسٹ کا کمنٹ سیکشن کھولا ہوا تھا جس پر پاکستانیوں نے اُن کے لباس کی وجہ سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستانی عوام کے تنقید بھرے پیغامات کے بعد اب اسراء بلجیک نے اپنی اُس پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بند کردیا ہے تاکہ کوئی بھی اُن کی تصویر پر منفی تبصرے نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسراء بلجیک نے پہلی مرتبہ ایک پاکستانی میگزین کے لیے فوٹو شوٹ کیا ہے، پاکستانی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ترک اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ اپنی حقیقی زندگی میں بھی حلیمہ سلطان کی طرح ہی حساس اور مضبوط ہیں۔
اسراء بلجیک نے کہا تھا کہ حلیمہ بھی بالکل اُن کی ہی طرح اپنے دل کی آواز سنتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کبھی اپنے دماغ اور اقدار کو نظر انداز نہیں کرتی۔
’ارطغرل غازی‘ کی شہرت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ اُن تمام لوگوں کا ایک ایک کرکے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں اور اُن کی بہت شُکر گزار بھی ہیں جنہوں نے ڈرامے میں اُن کی اداکاری کو بےحد پسند کیا اور اُسے سراہا۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان آکر وہاں کے حسین مقامات کی تصاویر بنانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اُنہیں پاکستان کے حسین ترین مقام بابو سر (کاغان) کے پہاڑوں سے محبت ہے۔