• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر آج پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج پارلیمان میں احتجاج کرے گی۔

ایک بیان میں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نون لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے خواجہ آصف کو تمام اپوزیشن جماعتوں سے اس حوالے سے رابطےکی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مل کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے میں واپسی کا مطالبہ کرے گی، تاریخ کے بلند ترین 33 فیصد اضافے کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں احتجاج میں شامل ہوں گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومتی سرپرستی میں سرگرم چینی مافیا کے بعد پٹرول مافیا کو پارلیمنٹ میں بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کی مشکلات اور توقعات کو بھرپور طور پر پارلیمان میں پیش کیا جائے۔

ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ایوان میں احتجاج کی حکمتِ عملی مرتب کرلی ہے، غریبوں کی زندگی پہلے ہی اجیرن بن چکی ہے۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے غریبوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ کمی کا فائدہ بھی عوام کو نہیں دیا۔

پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ


واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا جس کا اطلاق 26 جون 2020ء سے ہو گیا یعنی یکم جولائی سے 4 دن پہلے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔

جمعے کو وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں میں کم اضافہ ہوا، شبلی فراز

حکومت کا عوام پر پیٹرول بم گرانا انتہائی تشویشناک ہے: زاہد خان

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59 روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزارت ِخزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین