پشاورکے علاقے تہکال کے شہری پر تشدد واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو 14 روز کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد فاروق کی عدالت میں آج پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم ظاہر اللہ، شاہ حسین اور نعیم شاہ کو 14 روز کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
ملزمان کو تین روز قبل تہکال کے رہائشی پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے گزشتہ روز واقعے سے متعلق جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لئے ہائیکورٹ کو مراسلہ ارسال کرنے کا بتایا اور چیف جسٹس سے ایک رکنی کمیشن کے لیے جج نامزدگی کی استدعا کی تھی۔
اجمل وزیر نے کہا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے گی تاکہ سب حقائق سے باخبر ہوں، حکومت انصاف کے تمام تقاضے پورے کر رہی ہے، چند لوگوں کے غلط کام کے باعث پوری پولیس فورس کو برا کہنا ٹھیک نہیں ہے۔