راولپنڈی،گوجرخان (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ)تھانہ جاتلی پولیس نے اپنے 3 معصوم بچوں کو قتل کرنے والے سنگدل باپ کو سکھر سے گرفتار کرلیا۔گزشتہ روز تھانہ جاتلی کے علاقہ ڈ یرہ مسلم کے ایک گھر میں سے تین کم سن بہن بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں بچوں کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کا اپنے خاوند سے گھریلو جھگڑا چل رہا تھااس رنجش کی بناء پر اس کا خاوند نور محمد اپنے 2 بیٹوں عثمان، حماداور بیٹی علیشاکوٹرنک(پیٹی )میں بند کرکے گھر سے چلا گیا ،بچوں کوتلاش کرنے پربچے پیٹی کے اندرمردہ پائے گئے، ایس پی صدر ضیاء الدین احمد نے تھانہ جاتلی پولیس کو فوری مقدمہ کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ملزم نور محمد کو سکھر ریلوے سٹیشن سے گرفتار کیا گیا جسے ضروری قانونی کارروائی کے بعد راولپنڈی منتقل کیا جائے گا، ایس پی صدر نے بتایا کہ موقعسے اکھٹے کیے گئے شواہد اور خون کے نمونے فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں تاکہ بچوں کی موت کا تعین کیا جاسکے۔گوجرخان سے نمائندہ جنگ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گوجرخان محمد عمران عباس نے ریلوے کا کراچی جانے والے مسافروں کا ریکارڈ چیک کیا،جہاں ملزم نور محمد کا نام موجود پایا گیا،انہوں نے ایس ایس پی ریلوے راجہ ظہیر ارشد سے رابطہ کیا،جن کی کوششوں سے ریلوے پولیس سکھر نے ملزم کو ٹرین سے گرفتار کر لیا، گوجرخان پولیس کی ٹیم ملزم کو لانے کے لئے سکھر کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔ملزم کراچی میں ایک سرکاری ادارے کا ملازم ہے جو چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔دریں اثنا ملزم کی بیوی نئیر یاسمین نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر نے ایک بار جب وہ سو رہی تھی تو اس کے منہ پر شاپر چڑھا کر مارنے کی کوشش کی مگرمیری بڑی بیٹی نے شور کر کے مجھے بچا لیا،اور دوسری بار جب میں میکے گئی ہوئی تھی تو ملزم نورمحمد ہاتھوں پر گلوز لگا کر اور چہرے پر ماسک چڑھا کر رات ہماری دیوار پھلانگ کر گھر آگیا اور مجھے مارنے کی کوشش کی ۔