• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس،چین کی 5لاکھ افرادکولاک ڈاؤن میں رہنےکی ہدایت،بھارت میں مزید 20ہزارمتاثر

بیجنگ /لندن (اے ایف پی /جنگ نیوز)دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین افراد کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے،دوسری جانب مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے۔ چین میں بیجنگ کی فلائٹ میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 5لاکھ افراد کو لاک ڈاؤن میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ،دوسری جانب بھارت میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے قریب بیس ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ فرانس میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اسے کورونا وائرس کی ایک ویکسین کی تیاری اور تقسیم کی دوڑ میں 18 ارب ڈالر کی رقم درکار ہے۔ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنسدان سومیا سوامی ناتھن نے سوئٹزر لینڈ کے جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس میں دنیا بھر کی حکومتوں سے رقم کی فراہمی کی درخواست کی۔ سوامی ناتھن نے کہا کہ اب تک 2سو سے زیادہ ویکسین اقسام زیر غور ہیں جن میں سے 15طبی آزمائش کے مرحلے میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق چین میں بیجنگ کی فلائٹ میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 5لاکھ افراد کو لاک ڈاؤن میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔چین میں وائرس پر قابو پائے جانے کے بعد یکدم کیسز کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا۔بھارت میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے قریب 20ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت 5لاکھ 29ہزار کورونا متاثرین کے ساتھ بھارت دنیا کا چوتھا سب سے متاثرہ ملک ہے۔ نئی دہلی حکومت کے مطابق ملک میں ٹیسٹوں کی تعداد بھی دگنی کر دی گئی ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2لاکھ 31ہزار ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ نئی دہلی، مہاراشٹرا اور اترپردیش کی حکومتوں نے ٹیسٹوں میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارت میں اب تک 16ہزار 1سو افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔برازیل کی طرح میکسکو میں بھی وائرس اور ہلاکتوں کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے اور اب تک 26ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔سری لنکا میں ملک گیر لاک ڈاؤن ختم کرنے کے بعد مخصوص علاقوں میں دوبارہ کرفیو کردیا گیا۔اے ایف پی کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ اپریل 30 کے بعد سے رپورٹ ہونے والے کیسز وہ تھے جنہیں مشرق وسطیٰ سے خصوصی فلائٹس کے ذریعے ملک لایا گیا تھا۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ فلپائن میں مغربی بحرالکاہل کے خطے میں کووڈ 19 کے کیسز معاملات میں سب سے تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آئندہ تعلیمی سال کے لیے قومی جامعات کے لیے 32 کروڑ درہم کے اضافی بجٹ کی منظوری دی۔

تازہ ترین