• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردوں کے حملے کے باوجود PSX میں تیزی، 242 پوائنٹس کا اضافہ


پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے کے باوجود کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی رہی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملے کے باجود سرمایہ کاری کا مثبت دن رہا جبکہ سرمایہ کاروں کے شیئرز کی مالیت 67 ارب روپے بڑھی اور 100 انڈیکس میں  242 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کاروباری ہفتے کا آغاز 57 پوائنٹس اضافے سے ہوا ہی تھا کہ دہشت گرد حملہ ہوگیا، اس وقت انڈیکس تقریباً 34 ہزار تھا اور اگلے چند منٹوں میں ڈھائی سو سے زائد پوائنٹس گر کر دن کی کم ترین سطح 33 ہزار 720 پوائٹس پر آگیا تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو جلد ہی قابو کرلیا اور اتنی ہی تیزی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگیا۔

شیئرز کی خریداری ہنڈریڈ انڈیکس کو 34 ہزار 207 تک لے گئی، اور کاروبار کا اختتام 242 پوائنٹس اضافے سے 34 ہزار 181 پوائنٹس پر ہوا۔

حصص بازار میں آج 15 کروڑ 69 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 5 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

سرمایہ کاروں کو آج 67 ارب روپے کا فائدہ ہوا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروبار کے اختتام پر 6 ہزار 490 ارب روپے ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ملک میں ایک تولہ سونا 1600 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 4 ہزار 400 روپے کا ہوگیا۔

دس گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے کے بعد 89 ہزار 506 روپے ہوگئی۔

تازہ ترین