• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، یورپین یونین کا ویکسین کی تیاری کیلئے مزید 4.9 ارب یورو دینے کا وعدہ

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری کیلئے مزید 4.9 ارب یورو دینے کا وعدہ کرلیا ۔ یہ وعدہ یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے منعقد ہونے والی’’ گلوبل پلیجنگ‘‘ سمٹ میں کیا ۔ گلوبل گول، یونائیٹ فار اوور فیوچر کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس آن لائن کانفرنس میں کو چیئرمین کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس جاری وبا کو اس وقت ختم کر سکتے ہیں جب یہ ہر طرف سے ختم ہو جائے۔ اس کا مطلب ہے کہ اس کیلئے ٹیسٹنگ ، علاج اور اس کی ویکسین ہر شخص کو دنیا میں ہر جگہ دستیاب ہو۔ اس کیلئے 4 مئی سے انہوں نے دنیا بھر کے لیڈروں کے ساتھ مل کر ویکسین کی تیاری کیلئے 10 ارب یورو کے عطیات اکٹھے کرنا شروع کیے تھے اور اس کیلئے آرٹسٹس ان ٹوڈیز ایونٹ اور گلوبل سٹیزن کا تعاون حاصل کیا تھا ۔ یورپین کمیشن کی صدر نے مزید کہا کہ وہ ’’ ویکسین سب کیلئے‘‘ کے کثیرالجہتی نظریے پر مکمل یقین رکھتی ہیں ۔ ایسے میں یہ سوچنا کہ اس وبا سے بچاؤ کی ویکسین صرف اپنے ہی لوگوں کو میسر آئے اور دوسرے اس سے محروم رہیں، انتہائی غلط خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے منسلک دنیا میں رہتے ہیں، کوئی اکیلا ملک بھی اس وبا سے پہلے کے نارمل حالات میں نہیں رہ سکے گا جب دوسرے ممالک اس سے لڑ رہے ہوں گے ۔ اس کیلئے سب سے پہلے ویکسین اور دوسرے مرحلے میں اسے سستی کرنا ہوگی ۔ یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب سے اس بحران کا آغاز ہوا ہے۔ ہم نے ریاستوں، صحت کے بین الاقوامی اداروں، انسان دوستوں اور کاروباری اداروں کا ایک نیٹ ورک تشکیل دیا ہے۔ ہم نے اس کو بالکل اسکریچ سے شروع کیا ہے کیونکہ اس کا طرح کا کوئی کام بھی اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا لیکن اس سارے کا مقصد تبھی حاصل ہوگا جب دنیا بھر کے ہر بچے خاتون اور سارے لوگوں کو یہ ویکسین سستی دستیاب نہیں ہو جاتی۔

تازہ ترین