• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت سیاسی قائدین کا شہدا کو خراج تحسین

صدر، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت سیاسی قائدین کا شہدا کو خراج تحسین


اسلام آباد / کراچی (نمائندہ جنگ … نیوز ایجنسیز / ٹی وی رپورٹ) کراچی میں اسٹاک ایکسچینج میں دہشتگرد حملے کوناکام بنانے پر سیکورٹی اداروں، رینجرز اور پولیس عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ سیکورٹی گارڈز نے اپنی جانیں قربان کرکے دہشتگردوں کے حملے کو روکا۔

 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم دشمن کے ناپاک عزائم اور عدم استحکام کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے ۔ 

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف ، جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمٰن،ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی، پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال سمیت قومی قیادت نے اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جان پر کھیل کر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے سکیورٹی گارڈز کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

علاوہ ازیں جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی فوری دھمکی نہیں تھی ، کوئی مخصوص انفارمیشن بھی نہیں تھی ، اکتوبر 2019ء میں ہمیں کچھ تھریڈز آئیں تھی جس میں اسٹاک ایکسچینج اور صوبائی اسمبلی بھی شامل تھی۔

 تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے حملے میں شہید سکیورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف نے سکیورٹی اداروں، رینجرز اور پولیس کی بروقت کاروائی کو سراہا۔سکیورٹی گارڈز نے اپنی جانیں قربان کرکے دہشتگردوں کے حملے کو روکا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن شہداء کی قربانیوں سے ممکن ہوا۔ 

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی بہادر قوم کے تعاون سے دہشتگردوں کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔قوم کے تعاون سے دشمن کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کریں گے۔ واضح رہے آج کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرکے دشمنوں نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی سے حملے کو ناکام بنا دیا۔ 

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے اور جڑ سے اکھاڑنے میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر ہونے والا دہشتگردحملہ قابلِ مذمت ہے، حملہ ناکام بنانے والے پولیس کے بہادر سپاہیوں اور محافظوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 

انہوں نے پولیس کے سب انسپکٹر اور دو نوں سکیورٹی گارڈز کی تصاویر بھی ٹویٹ کے ساتھ لگائیں ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے محافظوں نے حملے کو بہادری سے ناکام بنایا۔ دہشت گرد ہمارے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتے۔

 انہوں نے کہا کہ حملے کے منصوبہ سازوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جانا ضروری ہے۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادر بیٹوں کو سلام جنہوں نے دہشتگردی کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا ۔

 جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لئے ایک بار پھر بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔ 

تازہ ترین