• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جج رخصت پر، میر شکیل الرحمٰن کے ریمانڈ میں 22 دن کی توسیع

لاہور (نیوزرپورٹر)احتساب عدالت لاہور نے پرائیویٹ پراپرٹی کیس میں جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔ 

احتساب عدالت نمبر ایک کے جج اسد علی کی چھٹی کی وجہ سےاحتساب عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے میر شکیل الرحمٰن اور دیگر کے خلاف جوہر ٹاؤن اراضی کیس کی سماعت کی ۔ 

میر شکیل الرحمٰن کو کورونا خدشات کے باعث عدالت پیش نہ کیا جا سکا۔ 

نیب کی طرف سے میر شکیل الرحمٰن ، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد کیخلاف ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے ۔ واضح رہے میر شکیل الرحمٰن پرائیویٹ پراپرٹی کے 34سال پرانے کیس میں 108 روز سے قید میں ہیں۔ 

میر شکیل الرحمٰن نے 1986 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 54 کنال پرائیویٹ پراپرٹی خریدی، اس خریداری کو جواز بنا کر قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں 5 مارچ کو طلب کیا۔

میرشکیل الرحمٰن نے اراضی کی تمام دستاویزات پیش کیں اور اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا۔

نیب نے 12 مارچ کو دوبارہ بلایا، میر شکیل الرحمٰن انکوائری کے لیے پیش ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

آئینی اور قانونی ماہرین کے مطابق اراضی کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران اُن کی گرفتاری بلا جواز تھی۔میر شکیل الرحمٰن ایسے 34 سال پرانے معاملے میں قید ہیں۔

جو پرائیوٹ افراد سے اراضی خریدنے کا ہےجبکہ ان کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سراپا احتجاج ہیں۔

تازہ ترین