• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSX حملے میں بھارت ملوث ہے، وزیراعظم عمران خان



وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بھارت میں بنا، بھارت سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ممبئی حملوں کی طرح بڑا منصوبہ بنایا گیا۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسٹاک ایکسچینج میں لوگوں کو قتل کرنے اور یرغمال بنانے کا منصوبہ تھا، تاکہ ملک میں بے یقینی اور عدم استحکام کی فضا پیدا ہوا، ہماری سیکیورٹی ایجنسیز ہائی الرٹ تھیں، شہداء اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بڑا سانحہ ہونے سے بچالیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دہشت گردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا جسے پولیس اور سیکورٹی گارڈز نے بھرپور جوابی کارروائی سے ناکام بنادیا تھا۔

اس حملے میں ایک پولیس افسر اور تین سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے واقعے کی مذمت کی گئی تھی جبکہ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

 آج قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایکس حملے میں بھارت ملوث ہے اور اس میں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بھارت میں بنا۔

وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ دہشتگردوں کا منصوبہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ملازمین کو یرغمال بنانا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حملے کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایکس حملے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا تھا کہاس حملے میں بھارتی خفیہ تنظیم ’را‘ ملوث ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے مکمل بائیکاٹ کیا اور تمام اپوزیشن اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔

تازہ ترین