• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے مریض بڑھ گئے، لیسٹر میں مقامی لاک ڈاؤن نافذ، اسکولز اور کاروبار بند

لندن (وجاہت علی خان/۔ہارون مرزا) برطانیہ کے شہر لیسٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں شدید اضافے کی وجہ سے حکومت نے یہاں مکمل مقامی لاک ڈائون کا اعلان کردیا ہے اور لوگوں سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیازدہ گھروں میں رہیں۔گزشتہ روز منگل کو شہر کی تمام غیر ضروری دکانیں، اسکول اور دیگر کاروبار زندگی بند کردیے گئے۔ سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ بہت سے معاملات میں پولیس سے بھی اقدامات کرنے کے لیے کہا جائے گا، تاکہ اقدامات پر سختی سے عمل کرایا جاسکے، سیکریٹری صحت میٹ ہینکاک نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے ملک بھر میں کورونا وائرس کے جتنے کیسز ہوئے ان میں10فیصد صرف لیسٹر میں ہوئے جو ایک بڑی شرح ہے۔ انہوں نے کہا، حکومت نے یہ فیصلہ لیسٹر سٹی کونسل کی رپورٹ پر کیا، جس میں نشاندہی کی گئی تھی کہ23جون تک دو ہفتوں کے دوران لیسٹر میں944کورونا وائرس کے مثبت کیسز سامنے آئے، انہوں نے کہا، لیسٹر میں یہ لاک ڈائون ابتدائی طور پر دو ہفتے کے لیے لاگو ہوگا، بعدازاں حالات کے مطابق اس میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔ میٹ ہینکاک نے مزید کہا کہ لیسٹر میں ایک لاکھ لوگوں میں135مثبت کیسز کا آنا تشویش کا باعث ہے، کیونکہ دیگر شہروں سے تین گنا زیادہ ہے، انہوں نے کہا، گزشتہ دس دنوں میں فیکٹریوں، اسکولوں اور ملازمتوں کی جگہوں پر ٹارگٹ ایکشن، ناکافی ثابت ہوا، اس کا مطلب یہ ہے کہ سخت اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا، گزشتہ دس دنوں سے لیسٹر میں بچوں کے مثبت کورونا ٹیسٹ آنا بھی غیر معمولی واقعہ ہے، لیسٹر سٹی کونسل کے مطابق جب سے کورونا کی وبا شروع ہوئی ہے، تب سے لیسٹر میں3,216کیسز مثبت آئے ہیں، جبکہ صرف دو ہفتوں میں944کیسز مثبت آنا انتہائی تشویشناک ہے، اس لیے شہر میں موبائل ٹیسٹ یونٹوں کے ساتھ ساتھ ’’واک ان ٹیسٹ سینٹر‘‘ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں عوامی حلقوں نے دوبارہ لاک ڈائون پر ملے جلے جذبات کا اظہار کیا ہے 34 سالہ اکاؤنٹنٹ وینا چوہدری نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجی فاصلے سمیت وائرس سے بچائو کیلئے متعارف کرائے جانیوالے قوانین کی خلاف ورزی انتہائی افسوسناک ہے جو لوگ قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کر کے وائرس کے پھیلائو کاسبب بنتے ہیں انکے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے 46سالہ دوکاندار ڈیوڈ ویلبی نے لاک ڈائون میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملکر وائرس کیخلاف جدوجہد کرنا ہے احتیاطی تدابیر اور قوانین پر عمل درآمد ہمیں بیماریوں سے بچائے گایہ امر قابل ذکر ہے کہ لیسٹر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹیسٹنگ اینڈ ٹریسنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے حکومت کی طرف سے اضافی ٹیسٹنگ یونٹ بھی بجھوائے گئے ہیں ایوننگٹن ، اسپن ہل پارک اور وکٹوریہ پارک میں تین موبائل ٹیسٹنگ یونٹس فنکشنل کیے گئے ہیںبریسٹال پارک اور سواری سائٹ بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں سٹی کونسلر رتیالل گووند کا کہنا ہے کہ آبادی کا 49فیصد حصہ ایشیائی یا سیاہ فام پر مشتمل ہے لیسٹر کے مشرق میں وباء تیزی کیساتھ پھیل رہی ہے لیسٹر شائر کاؤنٹی کونسل کے رہنما نک رشٹن نے کہا ہے کہ لیسٹر کے رہائشیوں کی وائر س سے حفاظت کیلئے ہر ممکنہ اقدامات جاری ہیں مریضوں میں اضافہ باعث تشویش ہے وائرس کا پھیلائو روکنے اور متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی کیلئے لیسٹر سٹی کونسل اور حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔

تازہ ترین