وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کے لیے ایپلیکیشن کے اجراء کی منظوری دے دی، وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اسلام آبادمیں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ٹائیگر فورس کے لیے بنائی گئی ایپلیکیشن کے اجراء پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس مستقبل میں ملک کا قیمتی اثاثہ بننے جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بتایا جائے کس رکن اسمبلی نے ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے میں کتنا کردار ادا کیا، عوامی نمائندوں کی جانب سے نوجوان رضا کاروں کی سرپرستی ضروری ہے۔
معاون خصوصی عثمان ڈارنے کہا کہ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو ضلع، تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر مانیٹرکیا جاسکے گا، ایپلیکیشن کے ذریعے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے میں بھی آسانی ہوگی۔
انہوں نے ٹائیگر فورس سے کورونا سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہوگی، ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بناکر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کیے جائیں گے۔