• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے روز اوّل سے قوم سے جھوٹ بولا: نفیسہ شاہ


پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روز اوّل سے قوم سے جھوٹ بولا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں نفیسہ شاہ نے بتایا کہ ہوابازی کے وزیر نے اسمبلی میں کہا 262 پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں، ہم نے کہا کہ یہ خبر جھوٹی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں، یورپی یونین نے 3 ماہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دار قیادت کی حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کو نقصان ہورہا ہے، جب آپ ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں تو وہ غداری میں شمار ہوتا ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیر ہوا بازی اپنی عزت بچانا چاہتے ہیں تو خود استعفی دیں، عمران خان کہتے تھے حادثے ہوں تو وزیر ذمہ دار ہے، جو نقصان ایک وزیر کے کہنے پر ہوا ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ حکومت ملک کے اثاثوں کو بیچ رہی ہے، لگتا ہے حکومت پی آئی اے کو گراؤنڈ کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں عمران خان نے ایک گھنٹے سے زیادہ تقریر کی، عمران خان نے بجٹ سے متعلق ایسی کوئی بات نہیں کی، قومی اسمبلی کے فلور پر عمران خان اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیتے ہیں۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دیا ہے، شہید بی بی کی شہادت کے بعد عمران خان نے تعزیت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جو دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں وہ غدار ہیں، علی زیدی کی تقریر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ منافق کون ہے، عزیر بلوچ نے الیکشن میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔

تازہ ترین