ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) راولپنڈی انوارالحق کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع راولپنڈی کے8 ہاٹ اسپاٹس کو بند کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا گیا ہے، ہاٹ اسپاٹس پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی کے8ہاٹ اسپاٹس کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے جاری کیا، ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں گلزار قائد،خیابان سرسید،ڈھوک علی اکبر، کوٹھ کلاں سمیت مورگاہ، تخت پڑی، نرنکاری بازار اور باڑا مارکیٹ شامل ہیں۔
ڈی سی راولپنڈی انوارالحق نے بتایا کہ پابندی 3 جولائی کی رات 9بجے تک برقرار رہےگی، ہاٹ اسپاٹس علاقوں میں بڑی مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔
ڈی سی راولپنڈی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کنٹرول کے سلسلہ میں بندش والے علاقوں کے مکینوں کو روزمرہ اشیائے ضروریہ کے حصول کی سہولت دی گئی ہے۔
بند کئے جانے والے علاقوں میں کریانہ، جنرل اسٹورز، آٹا چکیاں، پھل و سبزی کی دکانیں، تندور اور میڈیکل سروسز پٹرول پمپس صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ڈی سی راولپنڈی نے بتایا کہ تمام فارمیسی اور میڈ یکل اسٹورز، لیبارٹریز، کو لیکشن پوائنٹس، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ دودھ، چکن اور گوشت ، مچھلی کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔
ڈی سی راولپنڈی انوار الحق نے کہا کہ 8 ہاٹ اسپاٹس میں پبلک، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے ذریعے لوگوں کے آنے جانے پر پابندی ہوگی، محدود سفر کے لیے ایک گاڑی میں ایک فرد کو اجازت ہوگی۔