آپ آف لائن ہیں
بدھ21؍ذی الحج1441ھ12؍اگست 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

گھر والے کورونا مریض کی لاش ڈیپ فریزر میں رکھنے پر مجبور

بھارت میں ڈاکٹر کی جانب سے موت کا سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار پر گھر والے کورونا مریض کی لاش دو دن تک ڈیپ فریزر میں رکھنے پر مجبور ہو گئے۔

بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق بھارتی شہر کولکتہ میں 71 سالہ کورونا وائرس کا مریض گھر میں ہی دم توڑ گیا ، مریض کے لواحقین کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ڈاکٹر کی جانب سے کورونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک ڈیتھ سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار کر دیا گیا، ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کے نہ ہونے پر سرد خانے والوں نے بھی لاش رکھنے سے انکار کر دیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے گھر والوں پر شہری حکوت کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اپنے مریض کی لاش محفوظ رکھنے کے لیے ایک ڈیپ فریزر کا انتظام کریں اور اُس میں اپنے مریض کی لاش کو کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک رکھیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی محکمہ صحت ، شہری حکام ، پولیس اور سیاستدانوں کی جانب سے کوئی مدد نہ ملنے پر گھر والے اپنے مریض کی لاش گھر لے آئے اور ڈیپ فریزر میں رکھ دی، اس واقعے کے دو دن بعد مریض کا کورونا ٹیسٹ کے نتیجہ مثبت آ گیا۔

71 سالہ کورونا مریض کی موت واقع ہونے کے 48 گھنٹوں بعد اور  کورونا ٹیسٹ کے نتیجہ آنے پر شہری حکومت کی جانب سے لاش کو گھر سے لے جایا گیا اور پوری بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ بھی کیا گیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا مریض کو گزشتہ پیر سانس میں دشواری کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹر کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کروانے کا کہا گیا، کورونا ٹیسٹ کروانے کے بعد مریض کے گھر پہنچنے پر طبیعت زیادہ بگڑ گئی اور وہ چل بسا ۔

لواحقین کے مطابق مریض کے مرنے پر ڈاکٹر نے گھر آ کر مریض کا چیک اپ کیا مگر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ یہ کورونا وائرس کا معاملہ ہے اس لیے پولیس سےرابطہ کیا جائے ۔

لواحقین کے مطابق انہوں نے پولیس اور محکمہ صحت سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی مگر اُنہیں کہیں سے بھی مؤثر جواب نہیں ملا، سرد خانے والوں نے بھی کورونا مریض کا سن کر مدد سے انکار کر دیا اور اور دوبارہ رابطہ کرنے پر فون بھی نہیں اٹھایا ۔

گھر والوں کا کہنا ہے کہ ان سب حالات کے بعد انہوں نے مریض کی لاش کو ڈیپ فریزر میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے لواحقین کا بتانا تھا کہ ٹیسٹ رپوٹ آجانے پر بھی  انہوں نے محکمہ صحت سے رابطہ کیا مگر انہیں کسی قسم کا کوئی جواب نہیں ملا، بدھ کی صبح محکمہ صحت نے خود رابطہ کیا اور بتایا کہ لاش گھر سے لے جانے کی کارروائی پر کام جاری ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی جانب سے بدھ کی دوپہر کو اپارٹمنٹ سے لاش نکالی گئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید