• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پولیس والوں نے گولیاں چلائیں اور بڑے پاپا مرگئے‘


مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے بزرگ شہری کی لاش کے اوپر بیٹھے 3 سالہ بچے نے واقعے کا آنکھوں دیکھا حال سُنا دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر زیر گردش ویڈیو میں جھڑپ کے دوران معجزانہ طور پر بچنے والے 3 سالہ عیاد سے ان کے گھر کی کوئی خاتون واقعے کا حال پوچھ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش عیاد کی20 سیکنڈ پر مشتمل بات چیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

ویڈیو میں یہ عیاد سے خاتون پوچھ رہی ہیں کہ ’بڑے پاپا تھے نا صبح آپ کے ساتھ، ان کے ساتھ کیا ہوا؟

عیاد خاتون کا جواب دیتے ہوئے کہتا دکھائی دے رہا ہے کہ پولیس والے نے گولی ماری وہ مر گیا، وہ مر گیا تھا۔

ویڈیو میں خاتون پوچھتی ہیں کہ بڑے پاپا کو کس نے مارا؟

3 سالہ عیاد جواب میں کہتا ہے کہ پولیس والے نے ٹھک ٹھک کیا۔ عیاد کو اونچی آواز میں ٹھک ٹھک ٹھک کہتے سُنا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور گزشتہ روز ہونے والے واقعے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے دنیا کو جنجھوڑ کر رکھ دیا۔

یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں ماڈل ٹاؤن علاقے سوپور میں پیش آیا۔

گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو ایک طویل عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین