وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج دوپہر بخار تھا جس کےبعد خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ گھر سے ہی اپنے فرائض سرانجام دوں گا۔
واضح رہے اس سے قبل ملک کی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں، جن میں سے کچھ لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں اور باقی ابھی بھی آئسولیشن میں ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی اپنی فیملی کے ہمراہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے تاہم قرنطینہ میں کچھ روز گزارنے کے بعد وہ بھی صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل قائد حزب اختلاف شہباز شریف، وزیر ریلوے شیخ رشید رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جبکہ سب سے پہلے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایم کیو ایم کے رہنما و وفاقی وزیر امین الحق کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔